Friday, May 10, 2024

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 55واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایاجا رہا ہے

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 55واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایاجا رہا ہے
September 12, 2020

لاہور( 92 نیوز) میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا55واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہ اہے ، پاکستان کے جانباز مجاہد نے اپنی جان پر کھیل کر 1965 کی جنگ میں دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیا ،میجرعزیز بھٹی کواُن کی لازوال جرات و بہادری پر نشان حیدر سے نوازا گیا۔

سال 1965 کے جنگی معرکے کاعظیم ہیرو، ملک و قوم کا فخر، والدہ کا راجہ  ،میجرعزیزبھٹی شہید   نے 1928ءمیں ہانگ کانگ میں آنکھ کھولی ، ان کا تعلق گجرات سے تھا ۔ عزیزبھٹی نے 1948 میں پہلے لانگ کورس میں کمیشن حاصل کیا ، 1950 ءمیں اعلیٰ کارکردگی پر بہترین کیڈٹ کا اعزاز حاصل ہوا ،  سابق وزیراعظم لیاقت علی خان نے عزیز بھٹی کواعزازی شمشیر سے نوازا ،آپ نے 17 پنجاب رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔

سال 1965ءکی جنگ میں میجرعزیز بھٹی نے لاہور کے برکی سیکٹرمیں بی آر بی نہر پردفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا ،6 ستمبر 1965 ءکو طاقت کے نشے میں دھت بزدل دشمن کو ایسا سرپرائز دیا کہ اُس کی نسلیں یاد رکھ  رہی ہیں ۔

بطور کمپنی کمانڈر میجر عزیز بھٹی ازخود اگلے مورچوں پر سپاہ کیساتھ رہے  ،6 سے 12 ستمبر تک میجر عزیز بھٹی کی کمپنی نے دشمن پر تابڑ توڑ حملے کیے ،عزیز بھٹی نے اپنی کمپنی سمیت نہ صرف 6دن اور راتیں لگاتارد شمن کو روکے رکھااورشکست فاش دی ۔

کمانڈنگ آفیسر نے آرام کا مشورہ دیا لیکن میجر عزیز بھٹی نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ وطن عزیز کےلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔

بارہ ستمبر کو دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ میجرعزیزبھٹی شہید کے بائیں شانے پر لگا اور وہ جام شہادت نوش کرگئے ،میجر عزیز بھٹی کو بے مثال جرات اور قیادت کے سبب ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا۔

میجر عزیز بھٹی سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور میجرشبیرشریف شہید نشان حیدر کے ماموں تھے۔