Saturday, May 11, 2024

میجر جنرل آصف غفور تین سال ایک ماہ تک ڈی جی آئی ایس پی آر رہے

میجر جنرل آصف غفور تین سال ایک ماہ تک ڈی جی آئی ایس پی آر رہے
January 16, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) میجر جنرل آصف غفور تین سال ایک ماہ تک ڈی جی آئی ایس پی آر رہے۔ ان کے دور میں پاکستان کا بیانیہ بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔ 15دسمبر 2016 کو میجرجنرل آصٖف غفور نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈی جی کا عہدہ سنبھالا تو اس وقت پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ کامیابی سے لڑ رہا تھا۔ سانحہ پشاور کے بعد پاک فوج نے دہشتگردوں کےخلاف آپریشن شروع کیا تو یہ جنرل آصف غفور ہی تھے جنہوں نے پاک فوج کے کامیاب آپریشنز بارے   بروقت معلومات پہنچا کر قوم کی بےیقینی کو ختم کیا۔ انہوں نے تعلقات عامہ کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔ نیشنل ایکشن پلان کی شروعات ہو یا اس پر عمل درآمد کا موقع، میجرجنرل آصف غفور نے ہمیشہ  کلیدی کردار ادا کیا۔ بالاکوٹ پر بھارت کے ناکام حملے کو دنیا کے سامنے حقائق کےساتھ پیش کرکے انہوں نے ثابت کر دیا کہ جنگی پراپیگنڈے کی تکنیکی میں وہ بھارت سے بہت آگے ہیں۔ بھارت کے گرفتار ہونے والے پائلٹ کے ایک جملے نے آئی ایس پی آر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی دھاک جما دی۔ یہ میجر جنرل آصف غفور ہی ہیں جنہوں نے بطور ڈی جی آئی ایس پی آر نہ صرف قوم کو بلکہ پوری دنیا کو پاک بھارت کشیدگی کے دوران باخبر رکھا۔ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ان کے بیانئے کو دنیا بھر میں انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا تھا لیکن اصل کمال بالاکوٹ حملے کے بعد شروع ہوا ۔ ان کے ٹویٹس نے نہ صرف بھارتی پراپیگنڈے کا توڑ کیا بلکہ  بھارتیوں کو بھی اصل حقائق تک پہنچنے میں مدد کی۔ حملے کے بعد بھارتی فورسز کا کوئی بھی بیان ایک دوسرے سے نہیں ملتا تھا لیکن ڈی جی آئی ایس پی  آر کا ٹھوس اور واضح موقف بھرپور اندازمیں اپنی جگہ بناتا رہا۔ میجرجنرل آصف غفور کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نہ صرف بھارتیوں نے اعتراف کیا بلکہ لوگوں تک غلط معلومات پہنچانے پر انہوں نے اپنی افواج پر تنقید بھی کی اور آئی ایس پی آ ر سے سیکھنے کا مشورہ دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بھی انہوں نے شاندار انداز میں اجاگر کیا اور دنیا کو بھارتی بربریت کے حوالے سے سوچنے پر مجبور کر دیا۔ کشمیریوں کی حمایت میں آنے والے ان کے ٹویٹس نے دنیا بھر کے کشمیریوں کو حوصلہ دیا۔ بھارتی ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کی طاقت دی۔ آئی ایس پی آر کا بہترین کردار دیکھ کر بھارتی فوج نے بھی اس جیسا عہدہ تخلیق  کرنے کی ٹھان لی ہے۔ ففتھ جنریشن میڈیا وار کے حوالے سے میجرجنرل آصف غفور نے بھر کردار نبھایا۔ انہوں نے پاکستان ، افواج پاکستان اور اسلام کے حوالے سے غلط خبروں ، افواہوں پر فوری ردعمل دیا۔ شرپسند قوتوں کے پروپیگنڈے کی تردید کی اور قوم کو خطرات سے آگاہ کیا۔ وہ فوج کے ترجمان کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ کے علاوہ ذاتی اکاونٹ سے بھی ٹویٹ کرتے تھے۔ کئی ایشوز پر انہوں نے کھل کر اظہار خیال کیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے آن لائن میڈیا وار میں پاکستان کا کیس انتہائی کامیابی سے لڑا اور اس جنگ میں بلاشبہ انہیں فاتح کے طور پر  یاد رکھا جائے گا۔