Monday, September 16, 2024

میتھیو بیرٹ میں کیا خوبی تھی جو 24 گھنٹے میں ویزا مل گیا : وزیرداخلہ

میتھیو بیرٹ میں کیا خوبی تھی جو 24 گھنٹے میں ویزا مل گیا : وزیرداخلہ
August 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی ہر ماہ مانیٹرنگ ہوتو پتہ چلے گا کون ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔ سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ خفیہ اداروں نے کافی پیشرفت کی۔ کہتے ہیں جاننا چاہتے ہیں امریکی شہری میتھیو بیرٹ میں کیا خوبی تھی جو 24گھنٹے میں ویزا مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری نثارکاکہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قائم ہونے والی کمیٹی انتظامی کمیٹی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات میں سے9 خالصتاً صوبوں سے متعلق ہیں۔ کل میں نے تجویز دی تھی کہ ہر ماہ وزرائے اعلیٰ کو بلایا جائے۔ ہر ماہ مانیٹرنگ ہو گی تو پتہ چلے گا کہ کون اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔ سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے کچھ گرفتاریاں کی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ دہشت گرد کی انگلیوں کے نشانات کی اسی دن تصدیق ہو گئی تھی۔ انگلیاں پشین کے ایک فرد کی تھیں لیکن وہ شخص خود سانحے کا شکار ہوا۔ بچے والی ویڈیو کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی وجہ سے کافی پیشرفت ہوئی ہے۔ امریکی شہری میتھیو کے حوالے سے چودھری نثار نے کہا کہ متعلقہ فرد نے اپنا ویزا فارم درست نہیں بھرا۔ فارم میں اہم خانے خالی چھوڑے۔ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ہوسٹن میں ویزا افسر کےخلاف کارروائی وزارت خارجہ تجویز کریگی۔ میتھیو نے پاکستانی خاتون سے شادی کررکھی ہے۔ وہ اپنے سسر کے ساتھ ٹھہرا نہ سسر کو اس کے آنے کی خبر تھی۔ دوسری جانب محمود اچکزئی نے وزیر داخلہ کے بیان پر وضاحت کے لیے سپیکر سے کل وقت مانگ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے میری عدم موجودگی میں بات کی۔ چودھری نثار کی طرح مجھے بھی بات کرنے کاموقع دیا جائے۔ اس پر وزیرداخلہ نے کہا کہ ایوان حقائق اور دلائل سے بات ثابت کرنے کےلئے ہے۔