Thursday, April 25, 2024

میاں اسلم اقبال کی ٹیچر کے تشدد سے جاں بحق طالب علم کے گھر آمد

میاں اسلم اقبال کی ٹیچر کے تشدد سے جاں بحق طالب علم کے گھر آمد
September 13, 2019

 لاہور (92 نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال لاہور کے علاقے گلشن راوی میں ٹیچر کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہونے والے طالبعلم کے گھر پہنچے۔ طالب علم کے اہل خانہ کو انصاف  کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

میڈیا سے بات چیت میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ طالب علم کی ہلاکت کے معاملے میں انویسٹی گیشن کے تقاضے پورے کر رہے ہیں۔

گلشن راوی کے نجی اسکول میں زیر تعلیم حافظ حنین پر سبق یاد نہ کرنے پر ٹیچرکامران نے تشدد کیا تھا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹیچر کامران کو حراست میں لے لیا تھا۔

ساتھی طلبا کے مطابق ٹیچر کامران نے حنین کو لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کیا اور اس کا سر بھی دیوار میں مارا تھا ۔ ساتھی طلبہ کے مطابق حنین تشدد کے وقت کہتا رہا کہ سر میرا سانس بند ہو رہا ہے۔ حافظ حنین کو حالت غیر ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا مگرجانبر نہ ہو سکا تھا۔

حنین کی موت کے بعد دیگر طلبہ کے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جو اپنے بچوں کو تعلیم کیلئے اسکول بھجواتے ہوئے کتراتے ہیں۔ شہریوں نے اسکولوں میں اساتذہ کی جانب سے طالبعلموں پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے اور اساتذہ کی تربیت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔