Thursday, May 9, 2024

میانوالی میں تیز رفتار ٹرالر نے کار سوار فیملی کو کچل دیا

میانوالی میں تیز رفتار ٹرالر نے کار سوار فیملی کو کچل دیا
June 2, 2019
 میانوالی (92 نیوز) میانوالی میں تیز رفتار ٹرالر نے کار سوار فیملی کو کچل دیا۔ خوفناک حادثے میں میاں بیوی 3 بچوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔ ذرا سی غفلت اور جلد بازی نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مختلف ٹریفک حادثات میں 13 افراد جاں بحق اور 58 زخمی ہوگئے۔ میانوالی میں تیز رفتار ٹرالر نے کار سوار فیملی کو کچل دیا۔ خوفناک حادثے میں میاں بیوی 3 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے جبکہ کار میں سوار زخمی ہونے والا ایک  بچہ اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ بورے والا میں عارف والا روڈ پر رکشے کو بچاتے ہوئے مسافر بس الٹنے سے دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ حادثے میں بیس افراد زخمی ہوئے۔  بلوچستان میں پشین کے علاقے کلی ہیکلزئی کے قریب موٹرسائیکل سواروں میں ٹکر سے تین افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ ادھر سیہون شریف میں انڈس ہائی وے پر مسافر وین اور کار میں تصادم ہوگیا۔ حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ ہری پور میں بس اور کار آپس میں ٹکرانے سے بس ڈرائیور جاں بحق اور 35 مسافر زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔