Saturday, April 20, 2024

میانمارمیں فوجی جنتا کے حکومت کا تختہ الٹنے کیخلاف احتجاج جاری

میانمارمیں فوجی جنتا کے حکومت کا تختہ الٹنے کیخلاف احتجاج جاری
March 4, 2021

ینگون (92 نیوز) میانمارمیں فوجی جنتا کے حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ شہر شہر مظاہرے، پولیس اور فوج کی جانب سے ریاستی طاقت کا شدید استعمال کیا جارہا ہے، سرکاری گولیاں کھاکر مرنے والوں کی تعداد 54 ہوگئی۔

میانمار کے فوجی جنتا اقتدارپر قابض رہنے کے لئے اپنے ہی عوام پر گولیاں برسانے میں مصروف ہیں۔ ینگون سمیت ملک بھرمیں ہونےوالے مظاہروں پر طاقت کا بھرپور استعمال کیاجانے لگا۔

مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ، سیدھی فائرنگ اور لاٹھی چارج معمول بن چکا جس کی زد میں آکر اب تک 50 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔
ریاستی طاقت کے استعمال اور فوج کے سخت اقدامات کے باوجود میانمار کے عوام فوجی بغاوت کو قبول کرنے سے انکاری ہیں۔

شہروں اور قصبوں میں ریلیاں نکالی گئییں جب کہ دارالحکومت کی کئی سڑکوں کو بند کردیاگیا۔ یکم فروری کی فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک ایک ہزار سات سو سے زائد افراد کو گرفتار کیاجاچکا ہے جن میں انتیس صحافی بھی شامل ہیں۔