Sunday, September 8, 2024

میانمار کی رہنما نے روہنگیا مسلمانوں کے ظلم پر خاموشی توڑ دی

میانمار کی رہنما نے روہنگیا مسلمانوں کے ظلم پر خاموشی توڑ دی
September 19, 2017

یانگون (92 نیوز) میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے بھی بالآخر روہنگیا مسلمانوں کے ظلم پر خاموشی توڑ دی۔ قوم سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری کی تحقیقات کا کوئی ڈر نہیں۔کہیں ظلم ہوا تو مجرموں کو انصاف کے کٹہرےمیں لائیں گے۔

روہنگیا مسلمانوں پرمظالم پر پوری دنیا کرب میں مبتلا ہے لیکن انسانی حقوق پرنوبل انعام لینے والی آنگ سان سوچی کو ابھی تک یقین ہی نہیں آرہا کہ ان کی ناک کے عین نیچے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ہیں۔

مسلمانوں پر تشدد کی حالیہ لہر کے بعد آنگ سان سوچی نے پہلی دفعہ زبان کھولی ہے۔بین الاقوامی دباؤ اور شدید تنقید کے بعد میانمار کی رہنما نےقوم سے خطاب کیا اوربالآخر ڈھکے چھپے لفظوں میں ان مظالم کی مذمت کی۔

اپنی تقریر میں آنگ سان سوچی نے کہا کہ راخائن میں اب کوئی فسادات نہیں ہو رہے۔ مسلم اکثریتی صوبے کے زیادہ لوگ اب بھی اپنے گھروں میں رہ رہے ہیں۔انہیں روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے دنیا کی تحقیقات کا کوئی خوف نہیں۔ کہیں ظلم ہوا ہے تو مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

دوسری طرف بنگلہ دیش میں بھی روہنگیا مسلمانوں کےمصائب ختم نہیں ہوسکے۔ میانمار سے جان بچا کرپہنچنے والے روہنگیا مہاجرین کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ لاکھوں افراد اب بھی بھوک کا شکار ہیں اور ان کے لیے سائبان کا انتظام نہ ہوسکا۔