Sunday, September 8, 2024

میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری

میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری
September 7, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) میانمار میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ پوری قوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کر رہی ہے جبکہ حکومت سے میانمار کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

بنوں میں میانمار مسلمانوں کے قتل و غارت کے خلاف ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔ریلی شرکا  نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ میانمار حکومت کے ساتھ تمام معاہدات ختم  کرنے کے ساتھ ساتھ سفارتی تعلقات بھی منقطع کئے جائیں ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ بار اور سول سوسائٹی نے میانمار کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف مظاہرہ کیا ۔وکلا نے ضلع کچہری سے ریلی نکالی اور میانمار حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

ڈیرہ مراد جمالی میں بھی روہنگیا کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف ریلی  نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر میانمار حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

وہاڑی میں بھی روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

بہاولپور میں بھی روہنگیا مسلمانوں پر ظلم وستم کے خلاف لوگ سٹرکوں پر نکل آئے اور ایک بڑی ریلی نکالی ۔ اس موقع پر حکومت سے میانمار کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ڈیرہ بگٹی میں لوگوں نے میانمار حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی  اور میانمار کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ، اٹک، چیچہ وطنی ، شکار پور، لاڑکانہ ،میر پور آزاد کشمیر اور اوکاڑہ میں بھی میانمار حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔