Friday, April 19, 2024

میانمار میں فوج کی تنبیہ کے باوجود عوام کا احتجاج جاری

میانمار میں فوج کی تنبیہ کے باوجود عوام کا احتجاج جاری
February 22, 2021

ینگون ( 92 نیوز) میانمار میں فوج کی جانب سے مظاہرین کو جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کی تنبیہ کے باوجود ہزاروں افراد کا احتجاج جاری ہے ، ملک میں تمام کاروبار بند کر دیے گئے ۔

فوجی بغاوت نامنظور ، میانمار میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شدت اختیارکرنے لگا، دارالحکومت ینگون سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
فوجی حکمرانوں کی جانب سے جلد عام انتخابات کے وعدے کومسترد کرتے ہوئے مظاہرین نے آنگ سان سوچی اور دیگر جمہوری رہنماوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے سکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کیاجن میں مزید دو افراد لقمہ اجل بن گئے ، تازہ اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
اقوام متحدہ، امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ نے عوام کیخلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے، امریکا کے بعد یورپ نے بھی میانمارپر پابندیوں کااشارہ دے دیا جبکہ فیس بک نے فوج کے بعد سرکاری ٹی وی کے پیجز بھی ڈیلیٹ کر دیے ۔