Wednesday, May 22, 2024

میانمار میں سیاسی بھونچال ، فوج نے حکمران آنگ سان سوچی کو گرفتار کر لیا

میانمار میں سیاسی بھونچال ، فوج نے حکمران آنگ سان سوچی کو گرفتار کر لیا
February 1, 2021

نیپیٹاو (92 نیوز) میانمار میں سیاسی بھونچال آ گیا۔ فوج نے حکمران آنگ سان سوچی کو گرفتار کر لیا۔

جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار ایک بار پھر فوج کے شکنجے میں آ گیا۔ فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا۔ میانمار میں جمہوریت کی علمبردار آنگ سان سوچی اور صدر سمیت اہم حکومتی ارکان کو فوج نے گھروں میں نظر بند کر دیا۔ فوج کی جانب سے رہنماؤں کو نظر بند کرنے کی تصدیق کر دی گئی۔ کمانڈر ان چیف من آنگ ہلاینگ میانمر کے عبوری صدر بنا دئیے گئے ہیں۔

 دارالحکومت نیپئٹا اور مرکزی شہر ینگون کی سڑکوں پر فوجی گشت کر رہی ہے۔ ملک کے اہم شہروں میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروس  بھی منقطع کر دی گئی ہے۔

یہ بغاوت انتخابات کے بعد سویلین حکومت اور فوج کے درمیان کشیدگی کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں این ایل ڈی نے حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کر لی تھیں لیکن فوج نے انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا تھا۔

 دوسری جانب امریکا اور آسٹریلیا نے منتخب رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکا نے میانمار کو ممکنہ رد عمل سے خبردار بھی کیا ہے ۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ اگر اٹھائے گئے اقدامات واپس نہ لیے گئے تو امریکا ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے گا۔