Sunday, September 8, 2024

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے
September 6, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر پوری قوم  یک زبان ہے۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں میانمار کی حکومت کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔

میانمار میں مسلمانوں پر جاری ظلم کے خلاف پاکستان میں احتجاج کاسلسلہ جاری ہے۔

 میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کےخلاف ملتان میں  بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ پشاور میں بھی روہنگیا مسلمانوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔  

بہاولپور میں وکلا میانمار حکومت کے ظلم کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ چشتیاں ،فورٹ عباس میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا نے میانمار حکومت سے روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی،اوکاڑہ، منڈی بہاؤالدین، کامونکے میں بھی روہنگیا مسلمانوں پر ہونےوالے مظالم کیخلاف احتجاج کیا۔

صادق آباد، شجاع آباد، ہارون آباد میں بھی میانمار کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں ۔ ریلیوں کے شرکا نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

برما میں جاری مسلمانوں پر ظلم کے خلاف ڈیرہ بگٹی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی  میں قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اورعوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

سانگھڑ میں وکلا نے روہنگیا مسلمانوں کے حق میں ریلی نکالی،نواب شاہ میں بھی ریلی کےدوران میانمار حکومت کے اقدامات کی پرزور مذمت کی گئی۔