Thursday, March 28, 2024

میانداد کے تاریخی چھکے کو 32سال ہو گئے

میانداد کے تاریخی چھکے کو 32سال ہو گئے
April 18, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر میانداد کے تاریخی چھکے کو 32سال ہو گئے، 1986میں جاوید میانداد نے شارجہ میں  بھارتی باؤلر چتن شرما کو آخری بال پر چھکا لگا کر پاکستانی ٹیم  کو نہ صرف فتح دلوائی بلکہ پہلی بار ایشین چیمپئن بھی بنا دیا تھا۔ شارجہ کا کرکٹ گراؤنڈ اور پاکستانی لیجنڈ جاوید میانداد کا چھکا  32 برس بعد بھی جہاں شائقین کرکٹ کو یاد ہے وہیں بھارتی بھی بھول نہیں پائے ۔ آج سے 32 برس قبل  18 اپریل 1986 کو پاکستان اور بھارت ایشیا چیمپئن شپ کے فائنل میں مد مقابل تھے ۔ شارجہ کے میدان میں ہزاروں تماشائی  براہ راست جب کہ ٹیلی وژن کے سامنے کروڑوں ہندوستانی اور پاکستانی سانسیں روکے  میچ کی آخری گیند کے منتظر تھے ۔ میچ کی آخری گیند پر پاکستان کو فتح کیلئے چار رنز درکار تھے  اور کریز پر پاکستان کے ہر دلعزیز بلے باز جاوید میانداد موجود تھے ۔ بھارتی باؤلر چتن شرما نے آخری بال پھینکی مگر جس زور سے انہوں نے گیند پھینکی جاوید میانداد نے اس سے بھی دگنی طاقت اور پھرتی کا مظاہرہ کیا اور گیندوں کو باؤنڈری سے باہر پھینک کر پاکستان کو پہلی مرتبہ ایشیا کا چیمپئن بنا دیا ۔ اس چھکے کے بعد  جاوید میانداد امر ہو گئے جب کہ بھارتی باؤلر چیتن شرما ایسے شرمائے کہ پھر کبھی نظر نہ آئے ۔