Sunday, September 8, 2024

میئر کراچی وسیم اختر کے دعوے صرف دعوے ہی رہے، بارش نے شہر قائد کو ڈبو دیا

میئر کراچی وسیم اختر کے دعوے صرف دعوے ہی رہے، بارش نے شہر قائد کو ڈبو دیا
August 31, 2017

کراچی (92 نیوز) میئر کراچی وسیم اختر کے دعوے صرف دعوے ہی رہے ۔ بارش نے شہر قائد کو ڈبو دیا جبکہ میئر کچھ بھی نہ کر سکے۔ دو ماہ میں کراچی میں بڑی تبدیلیاں لانے کے دعوے دار وسیم اختر ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت کو کوستے دکھائی دیئے ۔

کراچی کو تبدیل کر دیں گے ، شہر قائد  میں انقلاب برپا کر دیں گے ، صفائی مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں سو دنوں میں سب کام مکمل ہو جائے گا ۔

یہ ہیں وہ تمام دعوے اور نعرے جو کراچی کا میئر بننے کے بعد وسیم اختر نے میڈیا کے سامنے کئے  اور جب بھی وسیم اختر سے اُن کے دعوؤں کا پوچھا گیا وہ اختیارات کا رونا رونے لگے ۔

لیکن ہوا کیا ۔ بارش نے سب پول کھول دیئے ۔ کراچی کی شاہراہیں ،گلی کوچے پانی میں ڈوب گئے ۔ لوگ بے سروسامانی کے عالم میں ضلعی حکومت کی طرف دیکھتے رہے ۔ گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ۔لیکن دعوے کرنے والا میئر پھر سندھ حکومت کی بے وفائی کے رونے روتا رہا  جبکہ لوگ ڈوبتے رہے۔

کراچی کے باسیوں پر جب بھی برا وقت آیا میئر کراچی دوسرے ملک میں پائے گئے ۔

 سوال یہ ہے کہ شہر کو ہر سال ملنے والا بھاری بھرکم بجٹ کدھر گیا؟ تمام شہری حکومت اور اس کے ملازمین کی بڑی تعداد بھی مشکل کی اس گھڑی میں کہاں ہے ؟  میئر کراچی وسیم اختر کے بڑے بڑے دعوے اپنی موت آپ مر گئے ۔ شہر کے باسی سڑکوں پر گندے پانی میں موجود جبکہ شہری حکومت غائب۔ آخر اس شہر کا سوچے گا کون ؟