Tuesday, May 21, 2024

می ٹو مہم ، بالی وڈ کے اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر الزامات کی زد میں آگئے

می ٹو مہم ، بالی وڈ کے اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر الزامات کی زد میں آگئے
October 13, 2018
ممبئی  ( 92 نیوز) خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف عالمی مہم می ٹو کا جن اب بھارتی فلم نگری بالی وڈ کی بوتل سے بھی باہر نکل آیا ہے۔ بھارتی اداکارہ  تنوشری دتا  کے اداکار نانا پاٹیکر پر ہراساں کرنے کے الزام کے بعد اب بالی وڈ کے کئی صف اول کے اداکار،ہدایت کار اور پروڈوسرز الزامات کی زد میں آچکے ہیں۔ بھارت میں آج کل بھارتی فلموں کی پرموشن کم اور می ٹو مہم کا چرچا زیادہ ہورہاہے ۔ہر طرف می ٹو کے بادل چھائے  ہیں، وہ اداکار اور ہدایت کار جن کو بھارتی عوام دیوتاؤں کی طرح پوجتے ہیں اس مہم نے انہیں راون بنا کررکھ دیا ہے ۔ بالی وڈ کی اداکارہ تنوشنری دتا نے منفرد آواز اور انداز رکھنے والے اداکارہ نانا پاٹیکرپر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ۔  تنوشری کے آواز اٹھانے کی دیر تھی کہ جیسے سیلاب آگیا ہو،پوری فلم نگری اس کی زد میں آگئی ۔ ایک یا دو نہیں بلکہ درجنوں اداکاروں ، پرڈیوسرز اور ڈائریکٹرز پر الزامات لگنے شروع ہو گئے ہیں  ۔ ہدایتکار وکاس بہل ،اداکاررجت کپور، گلوکارکیلاش کھیر، اداکار الوک ناتھ ، کامیڈین ورون گروور، کامیڈین اتسوو چکرابرتی، بھارتی مصنف چیتن بھگت پر بھی ایسے ہی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ تال،رام لکھن اور کرما جیسی سپر ڈوپر ہٹ  فلمیں بنانے والے سبھاش گھئی بھی اس الزام کی زد میں ہیں،کامیڈی فلموں کے بےتاج بادشاہ پروڈیوسر، ساجد خان بھی اب اس الزام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں  ۔ می ٹو مہم کی حمایت کرتے ہوئے عامر خان نے سبھاش گھئی کی فلم مغل جبکہ اکشے کمار نے ساجد خان کی فلم ہاؤس فلم فور میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔