Friday, May 17, 2024

مہینوں اور سالوں کیلئے قوموں کو بند نہیں کیا جاسکتا ،وفاقی وزیر اسد عمر

مہینوں اور سالوں کیلئے قوموں کو بند نہیں کیا جاسکتا ،وفاقی وزیر اسد عمر
June 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ مہینوں اور سالوں کیلئے قوموں کو بند نہیں کیا جاسکتا۔

اسد عمر نے کہا کہ  کورونا کا پھیلاؤ  روکنا  اولین ترجیح ہے، انتظامیہ نے اپنا کام شروع کردیا ہے، قوم ڈسپلن کا مظاہرہ کرے، 15کروڑ سے زائد افراد معاشی تکلیف سے گزرے ہیں، ملک میں  884مقامات پر لاک ڈاؤن ایکشن ہوئے، جہاں حفاظتی تدابیر پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا وہاں کارروائی کی گئی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ پاکستان میں متوسط طبقے کی مدد کرنے کی عالمی ادارے بھی تعریف کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر  نے بتایا کہ کورونا وارئرس کا پھیلاؤ روکنا ہماری اولین ترجیح ہے ،عوام کی صحت کی ذمہ داری انتظامیہ کےکاندھوں پرہے ، تاہم ہم ایسےعلاقے میں رہتے ہیں جہاں وبا کا پھیلاؤ اتنا مہلک نہیں اورہم چاہتے ہیں زندگی کاپہیہ چلتا رہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستانی قوم نے کئی ہفتوں تک بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کیا، لیکن عید سے پہلے شاپنگ اور پھر عید پر ڈسپلن نہیں دیکھا گیا ، خبرداربھی کیا کہ احتیاطی تدابیراختیارنہ کی گئیں تو کارروائی کرنی پڑے گی۔

وفاقی وزیر نے ملک میں وینٹی لیٹرزکی دستیابی سے متعلق بھی اگاہ کیا اورکہاکہ یومیہ 35 سے 36 ہزار ٹیسٹ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں ، ملک میں اس وقت وینٹی لیٹرز کی تعداد میں دو گنا اضافہ ہوچکا ہے،  وینٹی لیٹرز کی دستیابی سےمتعلق نیانظام شروع کررہےہیں، آئی سی یوبیڈز،وینٹی لیٹرزکی دستیابی سےمتعلق ایپ بنائی ہے، ڈاکٹرز،ریسکیو ادارےایپ کےذریعےمعلومات حاصل کرسکیں گے۔

اسد عمر نے بتایاکہ چھوٹا کاروباراسکیم سے 35 لاکھ  تاجروں کوریلیف دیا ،احساس کیش پروگرام ایک کروڑسے زائد خاندانوں تک پہنچ چکا ہے۔