Sunday, September 8, 2024

مہنگی کریموں اور لوشنز سے پریشان خواتین کیلئے جھریوں کا سستا ترین علاج

مہنگی کریموں اور لوشنز سے پریشان خواتین کیلئے جھریوں کا سستا ترین علاج
January 19, 2016
فرینکفرٹ (ویب ڈیسک) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ چہرے کی جھریوں کے خلاف کوئی کریم اور دوا اتنی موثر ثابت نہیں ہو سکتی جتنا کہ زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا عمل ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمر میں اضافے کے ساتھ انسان کے چہرے اور جلد پر جھریوں ابھر آنا ایک فطری عمل ہے تاہم اگر یہی جھریاں نوجوانی میں نمودار ہونا شروع ہو جائیں تو پریشان ہونا بھی ایک فطری عمل ہے۔ جرمنی میں ہونے والی ایک تازہ تحقیق کے مطابق بھرپور نیند اور روزانہ کم از کم ڈیڑھ لیٹر پانی پینے سے چہرے کی جھریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی اور دھوپ کی الٹرا وائلٹ شعائیں جلد کو گہرے نقصانات پہنچاتی ہیں اور ان کی وجہ سے چہرے کی جلد کی چمک اور رونق ختم ہو جاتی ہے۔ پانی کے استعمال کے علاوہ صحت بخش غذا جلد کو خوبصورت بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ وٹامن سے بھرپور غذائی اجزائ‘ پھل اور سبزیاں چہرے کی جھریوں کو نمایاں نہیں ہونے دیتے۔ ماہرین کے مطابق متوازن غذا کا استعمال اور کافی مقدار میں پانی پینا نہ صرف تندرست رہنے کے لیے بلکہ خوشنما نظر آنے کے بنیادی اصول ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد کی حفاظت کے لیے خواتین عموماً کریم یا لوشن وغیرہ استعمال کرتی ہیں مگر وہ یہ بات بھول جاتی ہیں کہ یہ کریمیں اور لوشن کیمیائی اجزاءسے تیار کیے جاتے ہیں لہٰذا ان کے ضمنی اثرات ضرور مرتب ہوتے ہیں۔