Friday, May 10, 2024

مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے، پرویزخٹک کی انوکھی منطق

مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے، پرویزخٹک کی انوکھی منطق
June 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک کی قومی اسمبلی خطاب میں انوکھی منطق، کہا کہ، مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے اور زراعت ہوگی۔

پرویز خٹک نے شہباز شریف کو خیبرپختونخوا میں غربت ڈھونڈنے کا چیلنج بھی دے دیا کہا کہ، میں چیلنج کرتا ہوں میرے صوبے میں غریب ڈھونڈ کر دکھائیں، اس پر اپوزیشن ارکان مسکراتے رہے، اپوزیشن کی جانب اشارہ کر کے بولے انہیں دعاؤں نہیں بد دعاؤں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ، مجھ پر بھی پانچ سال تنقید کی گئی، دو سال اور تنقید کریں گے۔ ہم پر تنقید کرتے ہیں، جیسے ان کے دور میں دودھ شہد کی نہریں بہتی تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ملک قرض دار نہ ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس نہ جاتے، دو سال بعد دیکھیں گے کہ قرضوں اور آئی ایم ایف سے جان چھوٹے گی۔

وفاقی وزیر بولے کہ، ان کے دور میں کارخانے بند تھے آج چل پڑے ہیں، ہماری حکومت نے انہیں مراعات دیں تو معیشت کا پہیہ چل پڑا۔ یہ عوام کی خدمت کے لیے نہیں آتے حکمران بننے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا، سابق حکومت خزانہ خالی چھوڑ کر گئی تھی، جب ہم آئے تو 5 ارب ڈالر تھے اس سے ملک ایک ماہ بھی نہیں چل سکتا۔ اس وقت قومی خزانے میں 25 ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ہم نے آئی ٹی میں ترقی کرکے دکھائی ہے، تعمیراتی شعبے کو مراعات دی جاتی تو آج پاکستان میں ترقی ہوتی، صرف سرکاری نوکریاں دینے سے کاروبار نہیں چلتا، آج پاکستان کے عوام اچھی زندگی گزار رہے ہیں، لوگ بھوکے نہیں سو رہے۔ ملک میں لوگوں کے پاس گاڑیاں ہیں اچھا رہن سہن ہے، بتائیں کہاں غربت ہے؟۔

پرویز خٹک مزید بولے کہ، پوری دنیا میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، یورپ اور امریکا میں بھی مہنگائی ہے، مہنگائی سے کام چلتا ہے۔ اُنہوں نے مہنگائی کو اپوزیشن کا ڈرامہ قرار دیدیا۔