Tuesday, May 21, 2024

مہنگائی کی شرح پانچ سے چھ فیصد پر لانے میں مزید ایک سال لگے گا ، شوکت ترین

مہنگائی کی شرح پانچ سے چھ فیصد پر لانے میں مزید ایک سال لگے گا ، شوکت ترین
May 25, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے مہنگائی کی شرح پانچ سے چھ فیصد پر لانے میں مزید ایک سال لگے گا۔

نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان کے دوران خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا اگلے سال ہم پانچ فیصد گروتھ چاہتے ہیں۔ گندم اور چاول سمیت تین بڑی فصلوں کی بمپر کراپ ہوئی۔ سیمنٹ سمیت تمام متعلقہ انڈسٹریز تیزی سے چل رہی ہیں۔ جس کو گروتھ ریٹ پر شبہ ہے تو پی بی ایس کے پاس جائیں۔ مفتاح اسماعیل بتائیں کیا آپ نے پی بی ایس کو استعمال نہیں کیا؟

وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا  بجلی کے پراجیکٹ لگاتے ہوئے سوچنا چاہئے تھا کہ اتنی بجلی استعمال کہاں ہو گی۔ اس سے قبل میں رینٹل منصوبوں کو بھی رکوا چکا ہوں۔ پاورسیکٹر کو ٹھیک نہ کیا تو یہ سب کو لے کر بیٹھ جائے گا۔ عمران خان کے ساتھ اس لیے آیا ہوں کیونکہ وہ غریب کا سوچتا ہے۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا عالمی اداروں کو سمجھانا ہو گا، غریب بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ ہاؤسنگ سے پورے ملک میں گروتھ ہوتی ہے۔ انٹرسٹ ریٹ جتنا نیچے ہو گا اتنا ہی فائدہ مند ہو گا۔ مہنگائی کو نیچے لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب ہم ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ٹیکس ڈیفالٹر کو جیل میں بھیجیں گے۔ ہماری ایکسپورٹ دراصل فیملی بزنسز ہیں۔ ایکسپورٹ میں براہ راست سرمایہ کاری بہت کم ہوتی ہے۔