Sunday, September 8, 2024

مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کے نتائج جلد سامنے آئینگے، حسان خاور

مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کے نتائج جلد سامنے آئینگے، حسان خاور
January 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

ڈبل ڈیکر بس ٹرمینل لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسان خاور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی کو قرار دے دیا۔ کہتے ہیں حکومت نے پٹرول کی قیمت کم بھی کی لیکن عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے پر پھر قیمتیں بڑھانا پڑیں۔ مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں پٹرول کی قیمتوں کا ذکر نہیں، ان کے ساتھ پٹرولیم لیوی کا معاہدہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مہنگائی اور سیاحت الگ چیزیں ہیں، مہنگائی پر بھی کام کررہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں سیاحت کو چھوڑ دیں، ہمارا عزم ہے کہ سیاحت کو فروغ دیں۔ کئی نئے مقامات کو تیار جبکہ پرانے مقامات کو بھی اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ کرتارپور اور جنوبی پنجاب میں ڈبل ڈیکر سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور کرایہ 27 سو فی ٹور ہوگا۔ یہ نئے سال کا تحفہ ہے جو ہم نے دیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ایکو ٹورزم کی طرف بھی ہم فوکس کر رہے ہیں، ایگری ٹورزم اور فوڈ ٹورزم کو بھی پرموٹ کریں گے۔ کوٹلی ستیاں سمیت مختلف علاقوں پر کام جا ری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ احساس راشن پروگرام سے بھی عوام کو بھی فائدہ ہو گا، ایگریکلچرل ٹورزم کو بھی فروغ دے رہے، دیہات کا کلچر بھی پرموٹ کیا جائے گا۔ سیاحوں کو کوالٹی سروس دیں گے، ہم رورل اکانومی کو بھی پرموٹ کریں گے۔