Friday, March 29, 2024

مہنگائی کنٹرول سے باہر، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، میجر ریٹائرڈ طاہرصادق

مہنگائی کنٹرول سے باہر، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، میجر ریٹائرڈ طاہرصادق
October 12, 2020
اٹک (92 نیوز) پی ٹی آئی کے ایم این اے میجر ریٹائرڈ طاہرصادق نے اپنی ہی حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول سے باہر ہو گئی، غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، نااہل انتظامیہ مسلط ہے۔ حلقہ این اے 55 اٹک سے پی ٹی آئی کے ایم این اے میجرطاہرصادق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ کہا کہ موجودہ حکومت کی 2 سالہ پالیسی مایوس کن ہے، انتظامیہ کی کارکردگی صرف فوٹو سیشن اوروٹس ایپ گروپ تک محدود ہےِ۔ میجر طاہر صادق نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے آج تک اتنی کرپشن نہیں ہوئی جتنی موجودہ دورمیں ہےِ، ٹائیگرفورس کی اداروں میں کوئی شنوائی نہیں۔ مہنگائی کے خاتمہ کے لئے پہلے پورا نظام درست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کے ساتھ جو معاہدہ ہوا اِس کا فائدہ عوام کو بھی پہنچناچاہئیے، عوام کے پاس روٹی کھانے اورپانی جیسی اہم ضرورت کے پیسے بھی نہیں، وزیراعظم کو نظام درست کرنے کے لئے اپنے اِردگرد دیکھنا چاہئیے۔ عوام نے ووٹ تبدیلی کے لئے دیا ہے، ملک میں بہتری لائیں۔ موجودہ حکومت نے بلدیاتی نظام لولالنگڑا بنادیا، 10 ارب کے بجائے صرف 3 کروڑ 25 لاکھ درخت لگائے گئے ہیں۔ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی ابترہے۔ ضلع بھرمیں چوری ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔