Friday, April 26, 2024

مہنگائی کا مسئلہ رہ گیا ، جلد قابو پا لیں گے ، وزیراعظم

مہنگائی کا مسئلہ رہ گیا ، جلد قابو پا لیں گے ، وزیراعظم
June 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مہنگائی کا مسئلہ رہ گیا جس پر جلد قابو پا لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کھانے پینے کی اشیا برآمد کی بجائے درآمد کرنا پڑ رہی ہیں۔ کھیت اور مارکیٹ کے نرخوں میں بہت بڑا فرق ہے۔ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے اصلاحات کو روکتے ہیں۔ مہنگائی پر کنٹرول کیلئے زبردست پروگرام لا رہے ہیں۔ خلا پر کرنے کیلئے چینی ماڈل لا رہے ہیں۔ چھیالیس فیصد غریب طبقے کو براہ راست سبسڈی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہمیں مشکل وقت میں حکومت ملی تھی۔ حکومت نے گزشتہ تین سال میں مشکلات کا سامنا کیا۔ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود 4 فیصد گروتھ لانا بہت بڑی کامیابی ہے۔ اب لوگوں کو رزلٹ نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ مشکل حالات میں بہترین بجٹ پیش کرنے پر اپنی معاشی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ قوم کی طرف سے پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 انہوں نے کہا جب مضبوط حکومت نہ ہو تو اس کے لیے ریفارمز کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہماری حکومت کے تین سال میں دو مہینے رہ گئے ہیں۔ ہم سرکاری اسپتالوں کے حوالے سے ریفارمز کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ سرکاری اسپتالوں کا سارا سسٹم بیٹھ چکا ہے۔ اس کی بہتری کے لیے مینجمنٹ سسٹم تبدیل کرنا چاہتے ہیں لیکن اس میں بہت زیادہ رکاوٹیں ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں بہتر نظام لانے کے لیے ریفارمز کی ضرورت ہے۔ ریفارمز لانے کے لیے مضبوط حکومت کی ضرورت ہوتی ہے۔