Friday, March 29, 2024

مہنگائی کا جن بےقابو ہوگیا، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو بھی پرلگ گئے

مہنگائی کا جن بےقابو ہوگیا، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو بھی پرلگ گئے
October 3, 2021 ویب ڈیسک

لاہور/ اسلام آباد (92 نیوز) مہنگائی کا جن بےقابو ہوگیا، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو بھی پرلگ گئے۔ 

لاہور کے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں شہریوں کی پہنچ سے باہر ہیں، مٹر 260 روپے، بھنڈی 100 روپے، کریلا 130 روپے جبکہ آلو 70 روپے فی کلو بکنے لگا۔

 دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی لسٹ کے مطابق کوئی چیز دستیاب نہیں ہے۔

اسلام آباد کے اتوار بازارمیں بھی مہنگائی کا طوفان ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ آلو اور پیاز 294 روپے فی 5 کلو کے حساب سے فروخت ہونے لگا، ادرک اور لہسن 280، ٹماٹر 52، ٹینڈے 120 روپے فی کلو فروخت ہونے لگے۔ کریلا 115، مٹر 190، سبز مرچ 140 اور گاجر 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

سیب 150 روپے، انار 150 سے 230 روپے فی کلو ہوگیا۔ امرود 65 ، آم 170 ،انگور 250، آڑو 230 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔ انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سبزیوں، پھلوں، چکن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، عوامی سبزی آلو بھی 70روپے کلو تک پہنچ گیا، مٹر 260 روپے، بھنڈی 100 روپے، کریلا 130 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔ سیب 240 روپے کلو، کیلا 60 روپے درجن فروخت ہونے لگا جبکہ چکن 280 روپے کلو سے تجاوز کرگیا۔

سبزیاں، پھل اور گوشت مہنگا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان کے شہریوں کا حکومت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کردیا۔