Monday, May 13, 2024

مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے، وزیراعظم کی ٹیلی فون پر عوام سے براہ راست گفتگو

مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے، وزیراعظم کی ٹیلی فون پر عوام سے براہ راست گفتگو
April 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ، وزیراعظم عمران خان کی عوام سے ٹیلی فون پر براہ راست بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا، مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے، ہیلتھ سیکٹر میں جتنا بڑا انقلاب آرہا ہے یہ پاکستان کو تبدیل کردے گا۔

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کرپٹ لوگوں کو برا نہیں سمجھیں گے تو کرپشن کو نہیں روکا جاسکتا۔ عدلیہ اگر ساتھ نہیں دے گی تو ہم کرپشن کیخلاف نہیں لڑسکتے۔ جب کوئی چوری شروع کرتا ہے تو اس وقت ملک کی اصل تباہی آتی ہے، کمپنیز کے نام پر ٹیکس کا پیسہ چھپایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا، ہیلتھ سیکٹر میں جتنا بڑا انقلاب آرہا ہے یہ پاکستان کو تبدیل کردے گا، ہیلتھ انشورنس اب ہر خاندان کے پاس ہوگی، آنے والے دنوں میں اسپتالوں کا نیٹ ورک بن جائے گا۔ کہا کہ زراعت کی نئی پالیسی لیکر آرہے ہیں، مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر سب سے خطرناک ہے، لوگ بالکل پروا نہیں کررہے، خدارا ماسک پہنیں ورنہ ہم لاک ڈاؤن لگانے پر مجبور ہوں گے۔ وزیراعظم نے عوام کو ماسک ہر صورت لگانے کی تلقین کی، مزید بولے ویکسی نیشن کے باوجود دنیا لاک ڈاؤن کررہی ہے، اللہ پاک کے خاص کرم سے ہم پہلے محفوظ رہے، اب ہمیں پہلے سے بھی زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم بولے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم اور روپیہ تگڑا ہو رہا ہے، ملک اوپر کی طرف جارہا ہے، کوئی اس پر بات نہیں کرتا، اسٹیٹ بینک سے متعلق شور مچا ہے، ابھی صرف سرسری چیز آئی ہے پارلیمنٹ میں مکمل بحث ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے مہنگے معاہدے ختم کئے، مہنگی گیس خرید کر سستی دے رہے ہیں۔ کسانوں کے لیے جلد زرعی اصلاحات کا پیکیج لانے کا بھی اعلان کردیا۔

عمران خان نے کہا، بھارتی یا مغربی کلچر کے اثرات اور فحاشی بڑھے گی تو اس کا اثر پڑے گا اور جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوگا۔ بدکاری اور زیادتی کے واقعات معاشرے کی تباہی ہیں، بچوں سے زیادتی کے خلاف سخت آرڈیننس لائے، معاشرے کو مل کر ان واقعات کے خلاف جنگ لڑنا ہے، بچوں کو سب سے بڑا نقصان موبائل فون سے پہنچ رہا ہے۔ فیملی سسٹم کو بچانے کے لیے اسلام نے ہمیں پردے کا درس دیا۔

وزیراعظم نے ٹیلی فون پر شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔