Thursday, May 9, 2024

مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ، رؤف صدیقی

مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ، رؤف صدیقی
January 25, 2020
کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء رؤف صدیقی نے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کیخلاف مہنگائی کا خوب غصہ نکالا۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے جبکہ مُلک میں حکومت ہے یا نہیں، کسی کو کچھ معلوم نہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء رؤف صدیقی حکومت پر برس پڑے اور اپنی اتحادی وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ رؤف صدیقی نے سوال اٹھایا کہ، کیا یہ حکومتی نااہلی یا جان بوجھ کرکیا جارہا ہے۔ متحدہ رہنماء نے حکومت کو ہوش میں آنے کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد معاہدوں اور اصولوں پر مبنی ہے ۔۔ لیکن 16 ماہ میں خراب کارکردگی کے باعث عوام اور کارکن سوال اٹھانے پر مجبور ہوگئے۔ متحدہ رہنماء کا کہنا تھا وفاقی حکومت کی جانب سے معاہدوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔