Friday, April 19, 2024

مہنگائی، بیروزگاری کیخلاف پیپلزپارٹی کا ملک گیر احتجاج، دھرنے

مہنگائی، بیروزگاری کیخلاف پیپلزپارٹی کا ملک گیر احتجاج، دھرنے
December 10, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) مہنگائی، بیروزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ملک بھر میں پیپلزپارٹی کے تحت احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے گئے، مظاہرین نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مہنگائی، بیروزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں کراچی تا خیبر جیالوں اور جیالیوں نے بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائے۔

مقامی و مرکزی رہنماؤں کی قیادت میں سیکڑوں کارکنا ن اورخواتین بھی سڑکوں پر نکل آئیں اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

کراچی میں سعید غنی نے مظاہرین سے خطاب میں کہا ملک میں ہوشربا مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے عمران خان یوٹرن اور وعدہ
خلافیوں کے ریکارڈز بنا رہے ہیں جبکہ ایم کیوایم والوں کو اقتدار کا چسکا لگ چکا ہے۔

سکھر میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا مسئلہ تب حل ہوگا جب لوگ کہیں گے ہمیں پرانا پاکستان چاہئے۔

صرف یہی نہیں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈٰی، ایبٹ آباد، صوابی خانیوال، ہنزہ، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر، ڈیرہ غازی خان، ژوب، حیدرآباد، لاڑکانہ، دادومیرپور خاص، خان نپور سمیت ملک بھر میں پی پی پی نے وفاقی حکومت کی پالیسی اور مہنگائی سمیت مختلف مسائل کے خلاف احتجاج ریلیاں نکالیں۔

مظاہروں سے خطاب میں جیالے رہنماوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مہنگائی کے خلاف عوام کی ترجمان بن گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر ظلم کیا۔