Saturday, April 20, 2024

مہنگائی اور ٹیکس!!! اڑھائی سال بعد 6 جماعتی اپوزیشن کے قیام پر اتفاق

مہنگائی اور ٹیکس!!! اڑھائی سال بعد 6 جماعتی اپوزیشن کے قیام پر اتفاق
December 2, 2015
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت چھ جماعتیں قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے قیام پر متفق ہو گئی ہیں۔ اے این پی، قاف لیگ، عوامی مسلم لیگ اور قومی وطن پارٹی بھی شامل ہوں گی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو پانچوں جماعتوں کے سربراہوں نے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور پانچ جماعتیں اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے پر رضامند ہیں۔ قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے قیام کے لیے 6جماعتیں متفق ہو گئی ہیں جن میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ق، پی ٹی آئی ،عوامی مسلم لیگ ،اے این پی اور قومی وطن پارٹی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن میں شامل 5 جماعتوں کے سربراہان نے خورشید شاہ کو اتحاد میں شمولیت کی یقین دہانی کرا دی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا ٹیکس، مہنگائی سمیت اہم سیاسی امورپرمتفقہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق بھی ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔