Friday, March 29, 2024

مہنگائی 12 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی : قومی اقتصادی سروے کے اہم نکات

مہنگائی 12 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی : قومی اقتصادی سروے کے اہم نکات
June 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی اقتصادی سروے آج جاری کیا جا رہا ہے۔ سروے کے اہم نکات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران افراط زر اور مالیاتی خسارے میں کمی ہوئی ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے اقتصادی سروے کے اہم نکات حاصل کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی اقتصادی سروے آج جاری کریں گے۔ اقتصادی سروے کے اہم نکات کے مطابق چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت رواں مالی سال استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہو گئی ہے۔ حکومتی اصلاحات کے نتیجہ میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 21.237 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو پچھلے سال کے اسی عرصہ میں زرمبادلہ کے ذخائر 18.695 ارب ڈالر تھے۔ رواں مالی سال کے دوران افراط زر اور مالیاتی خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ملک کے اکثر اقتصادی اشاریے استحکام اور مسلسل بہتری کو ظاہر کر رہے ہیں۔ رواں سال قومی محصولات میں 20فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا مارچ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے محصولات کا حجم 2103 ارب روپے رہا۔ رواں مالی سال کے دوران جولائی تا مارچ مجموعی طور پر 4355 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران رجسٹر ہونے والی 3591 کمپنیوں سے 21.28 فیصد زیادہ ہیں۔ اقتصادی سروے کی رپورٹ کے مطابق لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 4.12 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 2.51 فیصد تھا۔ رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران افراط زر کی شرح 2.64 فیصد ریکارڈ کی گئی جو پچھلے سال کے اسی عرصہ میں 5.12 فیصد تھی۔ رواں سال نجی شعبہ کے لئے قرضوں کا حجم جولائی تا اپریل 107.73 فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال کے نوماہ میں نجی شعبہ کو 370.8ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے جو اس سے پچھلے سال کے اسی عرصہ میں 1753ارب روپے تھا۔ رواں سال ترسیلات میں 4.14فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا مارچ بھیجے گئے ترسیلات زر کا حجم 14.158ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 13.595ارب ڈالر تھا۔ اقتصادی سروے کے مطابق نو ماہ میں جاری اخرجات 3407 ارب روپے رہے نو ماہ میں جی ڈی پی 29598 ارب روپے رہی جب کہ بجٹ خسارہ 3.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔