Friday, April 19, 2024

مہمندڈیم کےسنگ بنیاد کی تاریخ کیوں بدلی،چیف جسٹس پاکستان کا فیصل واوڈا سے شکوہ

مہمندڈیم کےسنگ بنیاد کی تاریخ کیوں بدلی،چیف جسٹس پاکستان کا فیصل واوڈا سے شکوہ
January 7, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار  فیصل واوڈا سے شکوہ کرتےہوئے کہا کہ مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ کیوں بدلی ، کیا ڈیم کی تعمیر میں سپریم کورٹ کا کوئی کردار نہیں،اب وزیراعظم سے جا کر کہیں وہ ہی افتتاح کریں،وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے معذرت کرلی۔ سپریم کورٹ میں  نئی گنج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت مہمند ڈیم کا تذکرہ چھڑ گیا،چیف جسٹس ثاقب نثار نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدلنے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے شکوہ کردیا۔ چیف جسٹس نے فیصل واوڈا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدل دی، بتانا بھی مناسب نہیں سمجھا، ہوسکتا ہے اب وہ سنگ بنیاد کی تقریب میں شریک نہ ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا مہمند ڈیم کی تعمیر میں سپریم کورٹ کا کوئی کردار نہیں،حکومت نے تو اپنے طور پر کچھ نہیں کیا، بس اتنا کہا کہ 2025 تک پانی کی قلت ہوگی، سپریم کورٹ نے ہی اقدامات کیے ،  اگر معاملہ نہ اٹھاتے تو 2 سے 3 سال مزید لگ جاتے۔ وزیراعظم کو جا کر بتادیں کہ اب وہ خود جا کر ڈیم کاافتتاح کریں۔ حکومت کی جانب سے معذرت کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے چیف جسٹس سے کہا کہ انہیں سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت ضرور کرنا ہوگی۔ چیف جسٹس نے نئی گنج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کہا کہ وزیر خزانہ اور اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر بلا لیتے ہیں ،۔نہ آئے تو نوٹس کرکے بلائیں گے،لگتا ہے حکومت ڈیم بنانا ہی نہیں چاہتی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزیر خزانہ وضاحت دیں ڈیم کی تعمیر کےلیے فنڈز جاری کیوں نہیں کیے، عدالت نے ایکنک اجلاس کی حتمی تاریخ سے آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔