Wednesday, April 24, 2024

مہمندایجنسی: پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ، 5اہلکار شہید، 10 دہشتگرد ہلاک

مہمندایجنسی: پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ، 5اہلکار شہید، 10 دہشتگرد ہلاک
March 6, 2017

مہمند ایجنسی (ویب ڈیسک) پاکستان کے سپوتوں نے ایک بار پھر نام کمایا۔ جان پر کھیل کر مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا۔ دشمن کے ساتھ لڑتے ہوئے پانچ جوانوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔ موثرکارروائی نے دس دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں کے عزم و ہمت کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے سردھڑ کی بازی لگا دی۔ مہمند ایجنسی میں چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ امن کے دشمنوں کو پیچھے دھکیلتے ہوئے 5فوجی جوان شہید ہو گئے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق رات گئے افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں 3 پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کئے۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور موثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تاہم دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے جبکہ بھرپور جوابی کارروائی میں 10 دہشت گردمارے گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہادت کا رتبہ پانے والوں میں نائیک ثناء اللہ، نائیک صفدر، سپاہی الطاف، سپاہی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا اورشہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ دشمن ہیں۔ دہشت گردوں کی آمدورفت کو روکنے کے لئے سرحد پر افغانستان کی جانب سے موثر سکیورٹی کی ضرورت ہے۔