Tuesday, May 14, 2024

مہلک وائرس کورونا مزید 56 افراد کی جان لے گیا

مہلک وائرس کورونا مزید 56 افراد کی جان لے گیا
February 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مہلک وائرس کورونا مزید 56 افراد کی جان لے گیا۔ چوبیس گھنٹوں میں 13 سو چوراسی نئے افراد وائرس کا شکار ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ روز کورونا کے 1 ہزار 384 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 56 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار 802 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 49 ہزار 32 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 2 لاکھ 48 ہزار 270 ، پنجاب میں 1 لاکھ 58 ہزار 793 ، کے پی کے میں 67 ہزار 589 ، بلوچستان میں 18 ہزار 836 ، اسلام آباد میں 41 ہزار 561 ، آزاد جموں و کشمیر میں 9 ہزار 73 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 910 مریض ہیں۔

این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کو شکست دینے والوں کی شرح بڑھنے لگی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 91.8 فیصد رہی۔ اب تک 5 لاکھ 4 ہزار 46 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں ۔

ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 33 ہزار 184 ہے۔ سندھ میں 18 ہزار 940 ، پنجاب 9 ہزار 779 ، کے پی کے میں 2 ہزار 637 ، اسلام آباد 1 ہزار 309 ، گلگت بلتستان 15 ، بلوچستان 124 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 380 فعال کیسز ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 35 ہزار 460 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں اب تک 80 لاکھ 41 ہزار 254 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔