Saturday, May 11, 2024

مڈیکل و ڈینٹل کالجز و یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے طلبہ کے ٹیسٹ کا انعقاد

مڈیکل و ڈینٹل کالجز و یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے طلبہ کے ٹیسٹ کا انعقاد
September 15, 2019
اسلام آباد  ( 92 نیوز) بلوچستان، سندھ اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلوں کےلئے ٹیسٹوں کا انعقاد کیا گیا ۔ طلبہ  نے بڑی تعداد میں شرکت کی، گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے کوئٹہ میں امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کی تعریف کی۔ قوم کا مسیحا بننے کےلئے طلبا و طالبات کی میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلے کیلئے لائنیں لگ گئیں، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر کےمختلف شہروں میں سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ کراچی سمیت سندھ کے 6بڑے شہروں میں بھی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ٹیسٹ لئے گئے ، امتحانی سنٹرز حیدرآباد، نوابشاہ، لاڑکانہ، میرپور خاص اور سکھر میں قائم کئے گئے تھے۔ صوبہ بھرمیں 28ہزار سے زائد طلبہ نے انٹری ٹیسٹ دیے ، کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیسٹوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں 9ہزار 628 طلبہ نے شرکت کی۔ بلوچستان میں میڈیکل داخلوں کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام میڈیکل انٹری ٹیسٹ  ہوا ، ترجمان یوایچ ایس کےمطابق کوئٹہ میں کل 6001 امیدوار ٹیسٹ دینے کیلئے آئے۔ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات  کا جائزہ لیا ۔ آزادجموں وکشمیر میں کل 4322 امیدوار میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے آئے، جن میں 1264 طلبا جبکہ 3058 طالبات ہیں۔ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے مراکز مظفرآباد، راولاکوٹ، میرپور اور راولپنڈی میں قائم کئےگئے۔