Saturday, May 11, 2024

مچھ میں کان کنوں کے قتل کیخلاف لواحقین اور ہزارہ قبیلے کا میتیں رکھ کر احتجاجی دھرنا

مچھ میں کان کنوں کے قتل کیخلاف لواحقین اور ہزارہ قبیلے کا میتیں رکھ کر احتجاجی دھرنا
January 4, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے علاقے مچھ کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کے قتل کے خلاف لواحقین اور ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کا میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا مغربی بائی پاس پر جاری ہے۔ واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے مچھ میں واقعہ کوئلہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے بہیمانہ قتل کے بعد شہر کی فضاء سوگوار ہے واقعہ کے خلاف مقتولین کے لواحقین اور ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کا میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا تاحال جاری ہے۔ دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک تدفین نہیں کرائی جائے گی۔

شدید سردی کے موسم میں بھی دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ واقعہ پر ہر آنکھ اشک بار ہے ہمارا مطالبہ صرف اور صرف انصاف ہے۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں قتل اقدام قتل سمیت دہشت گردی کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔