Tuesday, April 23, 2024

مچھ سانحہ کیخلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک کے چھوٹے شہروں میں دھرنے اور احتجاج

مچھ سانحہ کیخلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک کے چھوٹے شہروں میں دھرنے اور احتجاج
January 8, 2021

لاہور / کراچی (92 نیوز) مچھ سانحہ کیخلاف کراچی اورلاہور سمیت ملک کے چھوٹے شہروں میں دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔

کراچی میں جگہ جگہ دھرنوں سے شہریوں کیلئے سفر کرنا محال ہوگیا، منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔ ناتھا خان پل پر مظاہرین اور شہریوں میں تصادم بھی ہوا، نامعلوم افراد نے چھ موٹرسائیکلیں جلا ڈالیں۔

ادھر ہزارہ کمیونٹی سے اظہارِیکجہتی کے لیے لاہور اور گردونواح میں دھرنے دیئے گئے، ٹریفک بلاک ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے دھرناجاری ہے،نمازجمعہ بھی مال روڈ پرہی ادا کی۔ مجلس وحدت المسلمین کے کارکن احتجاج کے لئے امامیہ کالونی پھاٹک پربھی پہنچ گئے۔

ٹھوکر نیاز بیِگ چوک پر بھی مظاہرین اکٹھے ہوگئے اور ٹریفک بلاک کردی۔ مظاہرین نے چونگی امرسدھو پر دھرنادے کر فیروزپورروڈ بند کردی۔

شرقپور کے قریب موٹروے ایم تھری پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی گئی۔ شیخوپورہ میں مجلس وحدت مسلمین نے مین سرگودھاروڈ بلاک کرکے دھرنا دیا، مریدکے میں بھی جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ کے سیالکوٹ بائی پاس پردھرنے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔