Thursday, April 18, 2024

مچھ جیل سے سزائےموت کے مجرم صولت مرزا کی جے آئی ٹی رپورٹ نائنٹی ٹو کو موصول ہوگئی

مچھ جیل سے سزائےموت کے مجرم صولت مرزا کی جے آئی ٹی رپورٹ نائنٹی ٹو کو موصول ہوگئی
May 1, 2015
کراچی(ویب ڈیسک)مچھ جیل میں سزائے موت کے مجرم صولت مرزا کی جے آئی ٹی رپورٹ  نائنٹی ٹو نیوز کو موصول ہوگئی ہے ۔ مشترکہ تفتیشی ٹیم نے سفارش کی ہے کہ ایم ڈی  کے ای ایس سی  شاہد حامد قتل سمیت جرائم کی تمام وارداتوں میں فرد جرم عائد  کی جائے۔ رپورٹ کے مطابق صولت مرزا نے مشترکہ تفتیشی ٹیم کے روبرو خود کو متحدہ قومی موومنٹ کے مسلح ونگ کا فعال رکن ظاہر بتایا اس کا کہنا تھا کہ وہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بیرون ملک تربیت سے متعلق بھی آگاہ تھا۔ صولت مرزا کے بقول عسکری ونگ کی تربیت کے لیے قمر منصور کا بھائی ڈاکٹر محمود صدیقی کردار ادا کرتا تھا ۔ صولت مرزا نے بیان دیا کہ ڈاکٹر محمود صدیقی اب بھی بھارت میں اہم تعلقات کا باعث ہے اور ان کا اکثر دبئی اور بنکاک آنا جانا ہے۔ مجرم نے جی آئی ٹی کو بتایا کہ کئی اہم ٹارگٹ کلرز جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں رہائش پذیر ہیں ان کی سربراہی قمر عرف ٹیڈی کرتا ہے اس نے بتایا کہ دو ہزار بارہ میں حیدر عباس رضوی اور خالد عمر ملاقات کے لیے کراچی سینٹرل جیل ملاقات کے لیے آئے تھے اور مجھے آخری جنگ کے لیے جیل میں اسیر کارکنوں کو تیار کرنے کی ذمہ  داری سونپی تھی ۔ صولت مرزا سے تفتیش کے بعد جے آئی ٹی نے سفارش کی کہ صولت مرزا  پر شاہد حامد کے قتل سمیت جرائم کی تمام وارداتوں میں فرد جرم عائد کی جائے ۔   صولت مرزا نے تیرہ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے متعلقہ ایس ایس پیز کو تفتیش کرکے عدالتوں میں نیا چالان پیش کرنے اور رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کرنے کا حکم دیا جائے ۔ صولت مرزا نے جن مسلح گروہوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کی نشان دہی کی ہے ان کی نگرانی اور قانون کے مطابق پوچھ گچھ کی جائے،مجرم نے جن افراد پر الزامات لگائے ہیں انہیں شامل تفتیش کیا جائے ۔