Sunday, September 8, 2024

مٹھی میں ایک اور پھول مرجھا گیا‘ تھرپارکر میں ہلاکتوں کی تعداد تیس ہو گئی

مٹھی میں ایک اور پھول مرجھا گیا‘ تھرپارکر میں ہلاکتوں کی تعداد تیس ہو گئی
January 9, 2016
تھرپارکر (92نیوز) سندھ کے قحط زدہ ریگستانی علاقے مٹھی نے مزید 2 بچوں کو نگل لیا جس کے نتیجے میں رواں ماہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق کم از کم 220 بچوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق نگرپارکر کے دیہی علاقے ڈیپلو سے ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے موجودہ صورتحال پر قائم کی جانے والی کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیرخوراک سید نصیر حسین شاہ نے مٹھی کے ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے تسلیم کیا کہ علاقے میں قحط کی صورتحال ہے تاہم میڈیا کی جانب سے اسے ”خطرناک“ قرار دینا درست نہیں۔ واضح رہے کہ سندھ کے علاقے تھر کو موسمی اور ماحولیاتی حالات کے باعث ہر دس سال کے دوران 2 سے 3 سال قحط کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ علاقہ ہندوستانی علاقے راجستھان سے منسلک ہے اور وہاں پر بھی صورتحال یکساں ہے۔