Friday, April 19, 2024

موہری پور: پنجاب کا ایک ایسا علاقہ جہاں آج تک خواتین نے ووٹ نہیں ڈالا

موہری پور: پنجاب کا ایک ایسا علاقہ جہاں آج تک خواتین نے ووٹ نہیں ڈالا
October 18, 2015
خانیوال (92نیوز) ایک طرف خواتین کے حقوق کیلئے بڑے بڑے سیمینار کئے جاتے ہیں وہیں کچھ لوگ خواتین کے حقوق کی دھجیاں بکھیرتے نظر آتے ہیں۔ کبیروالا کے علاقہ موہری پور میں وڈیروں کی جانب سے پابندی کی وجہ سے آج تک خواتین کو اپنا ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اجازت نہیں مل سکی جس پر ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہو ئے حکم جاری کیا ہے کہ اگر خواتین کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے دیا گیا تو اس علاقے کا رزلٹ کالعدم قرار دے دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کی آمد آمد ہے اور کبیروالا میں بھی سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہیں مگر کبیروالا سے 15 کلو میٹردور واقع موہری پورمیں علاقہ کے وڈیروں نے خواتین پر ووٹ کا حق استعمال کرنے پر ایک بار پھر پابندی لگا دی۔ موہری پور میں خواتین کے ووٹ کی تعداد2400کے نزدیک ہے مگرقیام پاکستان سے ہی اس علاقہ میں خواتین پر ووٹ کا حق استعمال کرنے پر پابندی ہے۔ حکومتی مشینری اور این جی اوز کی کوششیں بھی خواتین کو ووٹ کا حق نہیں دلوا سکیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ ہم بھی پا کستانی شہری ہیں، ہمیں بھی ووٹ کا حق ملنا چاہیے۔ موہری پور کی رہائشی خاتون فوزیہ قیصر نے ہائیکورٹ ملتان میں رٹ دائر کی کہ خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے دیا جائے جس پر ہا ئیکورٹ نے حکم جاری کیا کہ اگر خواتین کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے دیا گیا تو اس علاقہ کا رزلٹ کالعدم قرار دے دیا جائے۔ سماجی حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ موہری پور میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کروانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ وہاں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ تمام برادریوں کے بزرگوں کا متفقہ فیصلہ ہے ہم کسی صورت بھی خواتین کو ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیں گے۔