Wednesday, April 24, 2024

موٹروے کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی گرفتار

موٹروے کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی  گرفتار
October 12, 2020

لاہور (92 نیوز) موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی پکڑا گیا، ملزم عابد ملہی کو مانگا منڈی میں اس کے والد کے گھر سے گرفتار کیا گیا، عابد کو لاہور منتقل کردیا گیا۔

سانحہ موٹروے کا مرکزی ملزم عابد ملہی بالآخر 34 روز بعد پکڑا گیا، ملزم کو مانگا منڈی سے اس کے باپ کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ مانگا منڈی آنے سے پہلے ملزم عابد ملہی دو روز تک اپنے سسرال کے ہاں چھپا رہا۔

پولیس نے اس کے سسرال چھاپہ مارا تو ملزم روپوش ہو گیا اور آخر کار اپنے باپ کے گھر سے پکڑا گیا۔ عابد ملہی کی گرفتاری میں پولیس کے مخبر نے اہم کردار ادا کیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم عابد ملہی بھیس بدل کر رہائش پذیر تھا، مخبر نے پولیس کو اطلاع دی جس پر گرفتاری عمل میں آئی، پولیس نے مخبر کو تمام تصاویر دکھائیں، مخبر نے کنفرم کیا کہ اس شخص کو فلاں جگہ دیکھا گیا۔

ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر مخصوص جگہ پر پولیس نے ریکی کی، ملزم نظر آیا تو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور معاون خصوصی شہباز گل نے ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کی تصدیق کی۔

https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1315663207915290626?s=20

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے عابد ملہی کی گرفتاری کی تصدیق ٹویٹر پر کی۔ ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ عابد ملہی گرفتار ہو گیا ہے۔ انشااللہ قانون کے مطابق سزا ملے گی۔