Friday, March 29, 2024

موٹروے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت معطل کرنے کی استدعا مسترد

موٹروے پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت معطل کرنے کی استدعا مسترد
January 6, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے موٹروے  پر ہیوی بائیکس چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ، عدالت نے وفاقی حکومت کی اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ دنیا بھر کی موٹرویز پر ہیوی موٹرسائیکل چلتے ہیں، اگر حکومت نے پابندی عائد کی ہے تو نوٹیفکیشن دکھائیں۔ موٹروے پر موٹرسائیکل چلانے کی اجازت کیخلاف حکومتی اپیل پر جسٹس مشیر عالم کی سربراہی 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا قانون میں موٹروے پر ہیوی موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہے  جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے بتایا کہ نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس کے مطابق موٹروے پرموٹرسائیکل نہیں چل سکتی۔ چین، انڈونیشیا اور فلپائن میں موٹرسائیکل موٹروے پرلانے پر پابندی ہے۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ قانون کے مطابق پابندی کا نوٹیفکیشن وجوہات کے ساتھ جاری کرنا لازمی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، موٹروے کے انٹری پوائنٹس پر پابندی کے سائن بورڈ لگائے گئے ہیں، موٹرسائیکل پر سیفٹی اور سیکیورٹی کی وجہ سے پابندی عائد کی۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہائی وے پر موٹرسائیکل چلانا زیادہ خطرناک  ہوسکتا ہے، ہائی ویز پر تو سائیکلیں بھی چل رہی ہوتی ہیں، کیا ہائی ویز پرحکومت کو شہریوں کی سیفٹی کی پرواہ نہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ موٹرسائیکلزکو 2010 میں 3 سال کےلیے اجازت دی گئی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق  موٹروے پرچنگ چی بھی چل سکتے ہیں،ہائی ویز پرانٹری پوائنٹ زیادہ ہونے کے باعث موٹرسائیکل  پر پابندی ممکن نہیں۔ جسٹس مشیرعالم کاکہنا تھا کہ حکومت کو اختیار ہے کہ وہ موٹروے پر موٹرسائیکل کی آمد کو ریگولیٹ کرے،عدالت نے سماعت 10 دن کیلئے ملتوی کر دی۔