Thursday, April 25, 2024

موٹروے پر 600 سی سی موٹر بائیکس چلانے کی اجازت دینے کیلئے 15دسمبر کی ڈیڈ لائن

موٹروے پر 600 سی سی موٹر بائیکس چلانے کی اجازت دینے کیلئے 15دسمبر کی ڈیڈ لائن
December 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) موٹروے پر 600 سی سی موٹربائیکس چلانے کی اجازت دینے کیلئے 15 دسمبر کی  ڈیڈ لائن دے دی گئی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس پر واضح کردیا ، ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں آئی جی موٹروے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ موٹروے پر 600 سی سی موٹربائیکس چلیں گی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس پر واضح کردیا۔  عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی ، عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے نمائندہ موٹروے پولیس کو مخاطب کر کے ریمارکس دیے کہ عدالت نے بائیکس چلانے کی اجازت کا جو حکم دیا اس پر مکمل عمل کریں ، نظر آئے کہ موٹروے پر بائیکرز کو اجازت دے دی گئی ۔ عدالت نے یہ  بھی واضح کیا کہ آئندہ اتوار تک عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو آئی جی موٹروے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی ،  آپ سمیت آئی جی موٹروے کوسزا دے کر گھر بھیج دیں گے ۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ اگر یونیفارم کے لوگ بھی عدالتی حکم نہیں مانیں گے تویہ ٹھیک نہیں ۔  اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹروے پر چھ سو سی سی موٹربائیکس چلانے کے حق میں فیصلہ دیا تھاجس کے بعد موٹروے پولیس کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا موٹروے پر ہیوی بائیک چلانے کیلئے بائیکرز کیلئے سخت شرائط کا پورا کرنا ضروری ہوگا۔