Thursday, April 25, 2024

موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی شناخت پریڈ کیلئے 14 روز کیلئے جیل منتقل

موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی شناخت پریڈ کیلئے 14 روز کیلئے جیل منتقل
October 13, 2020

لاہور (92 نیوز) موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی شناخت پریڈ کیلئے 14 روز کیلئے جیل منتقل کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم عابد ملہی کا ریمانڈ دیا، دوسرے ملزم شفقت کو 15 روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔

سانحہ موٹر وے کا مرکزی ملزم عابد ملہی 34 روز روپوش رہنے کے بعد بالآخر گزشتہ روز  پولیس کی گرفت میں آہی گیا ، ملزم کو مانگا منڈی سے اس کے باپ کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ مانگا منڈی آنے سے پہلے ملزم عابد ملہی دو روز تک اپنے سسرال کے ہاں چھپا رہا۔

پولیس نے اس کے سسرال چھاپہ مارا تو ملزم روپوش ہو گیا اور آخر کار اپنے باپ کے گھر سے پکڑا گیا۔ عابد ملہی کی گرفتاری میں پولیس کے مخبر نے اہم کردار ادا کیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم عابد ملہی بھیس بدل کر رہائش پذیر تھا، مخبر نے پولیس کو اطلاع دی جس پر گرفتاری عمل میں آئی، پولیس نے مخبر کو تمام تصاویر دکھائیں، مخبر نے کنفرم کیا کہ اس شخص کو فلاں جگہ دیکھا گیا۔

ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر مخصوص جگہ پر پولیس نے ریکی کی، ملزم نظر آیا تو پولیس نے گرفتار کر لیا۔