Thursday, April 18, 2024

موٹروے زیادتی کیس، میڈیا کوریج پر پابندی سے متعلق پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل

موٹروے زیادتی کیس، میڈیا کوریج پر پابندی سے متعلق پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل
October 13, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے زیادتی کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی سے متعلق پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جب پیمرا نے پابندی لگائی تھی تو وزراء اور مشیروں کی تقریریں کیوں نشر ہوئیں؟، رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت عوام کو آگاہی دینے سے نہیں روکا جا سکتا،شکیل سعید رپورٹ کر رہے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں موٹروےزیادتی کیس کی کوریج پر پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت !، چیف جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم سنا دیا۔ ایڈوکیٹ سلمان خان نیازی نے اپیل دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا میڈیا پر کوریج کی پابندی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دئیے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت عوام کو آگاہی دینے سے نہیں روکا جا سکتا، میٹھا میٹھا ہپ ہپ، کڑوا کڑوا تھو تھو ایسا نہیں چلے گا میڈیا مقدمہ کی کارروائی سے متعلق رپورٹنگ کرسکتا ہے۔ ملزم اور متاثرہ افراد کی فیملی کی تصاویر نہیں چلیں گی۔ چیف جسٹس نے ملزم عابد کی گرفتاری سے متعلق میڈیا پر وزرا اور مشیروں کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ  پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے جب پیمرا نے پابندی لگائی تھی تو وزرا اور مشیروں کی تقریریں کیوں نشر ہوئیں؟، وہ دور ختم ہوگیا جب حکومت کے سارے گناہ معاف اور اپوزیشن کو بغیر گناہ کے سزا ملتی تھی۔