Tuesday, May 14, 2024

موٹروے زیادتی کیس، ملزم شفقت علی کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

موٹروے زیادتی کیس، ملزم شفقت علی کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
September 15, 2020
لاہور (92 نیوز) موٹروے زیادتی کیس میں گرفتار ملزم شفقت علی کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، ملزم کا تعلق بھی بہاولنگر سے ہے۔ چھوٹا بھائی بھی کئی وارداتوں میں ملوث رہا، مرکزی ملزم عابد کا ایک اور ساتھی اقبال عرف بلا مستری بھی پکڑا گیا۔ موٹروے زیادتی کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل،،ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کاآغاز بھی ہوگیا، ملزم کو پہلے ایڈیشنل سیشن جج لاہور مصباح خان کی عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم بعد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لایا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔ ملزم شفقت کا تعلق بھی بہاولنگر سے نکلا، ملزم بہاولنگر کی تحصیل ہارون آباد کا رہائشی ہے، جبکہ اس کے شناختی کارڈ پر مستقل اور عارضی پتہ بھی ایک ہی ہے، ملزم شفقت علی کے والد کا نام اللہ دتہ اور تاریخ پیدائش 8 اپریل 1997 ہے، 23 سال کی عمر میں گھناؤنا کام کرنے والا ملزم فورٹ عباس کے قریب چک نمر 192 سیون آر میں رہائش پذیر تھا۔ کیس میں گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، پولیس نے مرکزی ملزم عابد ملہی کے ساتھی اقبال عرف بالا مستری کو بھی گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اقبال عرف بالا مستری کو سی آئی اے نے وقار اورعباس کی نشاندہی پر حراست میں لیا، ملزم واردات کے روز راستے سے واپس چلا گیا تھا، جبکہ واقعے سے پہلے عابد کے ساتھ متعدد وارداتوں میں ملوث رہا۔ دوسری طرف ملزم شفقت اللہ کی گرفتاری پر حجرہ شاہ مقیم کے طالب علم فیصل کےوالد نے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا مطالبہ کر دیا، دسویں جماعت کے طالب علم فیصل کا کہنا تھا کہ شفقت نے اپنی سم میرے موبائل فون میں استعمال کی۔ آئی جی پنجاب کا کہناتھا کہ مرکزی ملزم عابد کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔