Thursday, March 28, 2024

موٹر وے واقعہ کے ملزمان تک 72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ

موٹر وے واقعہ کے ملزمان تک 72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں پہنچ گئے ، وزیر اعلیٰ
September 12, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پریس بریفنگ کرتے ہوئے بتایا کہ موٹروے واقعہ کے ملزمان تک 72گھنٹے سے بھی کم وقت میں پہنچ گئے ۔

وزیر قانون راجہ بشارت اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے ہمراہ پریس بریفنگ میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  موٹر وے واقعہ کیس کی خود نگرانی کرتا رہا ہوں ،  72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں مجرموں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ، مجرموں کی شناخت ہو گئی ، جلد  قانون کی گرفت میں ہوں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ کچھ دیر قبل متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ ہوا، میں نے خاتون کو انصاف دلانے کی  یقین دہانی کرائی ہے ، مجرموں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کو 25،25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ واقعہ کے فوری بعد تفتیش شروع کی،جیوفینسنگ کرائی گئی، خفیہ ایجنسیوں سے بھی مدد لی،سائنٹیفک انویسٹی گیشن میں کچھ وقت لگ جاتا ہے،تمام امور میں وزیراعلیٰ کی بہت مدد شامل رہی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ کل رات عابدعلی کے بارے میں کنفرمیشن ملی ، ملزم عابدعلی فورٹ عباس کا رہائشی ہے،کل رات 12 بجے کے قریب شواہد کے ساتھ عابد علی ملزم کنفرم ہوا، ہماری ٹیم نے رات و رات بہاولنگر میں ملزم کا بائیوڈیٹا نکلوایا ، اس کے ایک اور نمبر سے ہم اس کے ساتھی تک بھی پہنچ گئے،آئی جی پنجابواقعہ کے وقت اس کا دوست بھی اس کے ساتھ موقع پر موجود تھا۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ہم سویلین اور پرائیویٹ گاڑیوں اور کپڑوں میں اس کے گھر گئے، س نے جب دیکھا کہ ایک گاڑی آکر رکی ہے تو وہ اپنی بیوی کے ساتھ فرار ہوگیا ۔ دوسرا ملزم وقار الحسن بھی قلعہ ستارشاہ کا رہنے والا ہے، وقارالحسن کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہ بھی فرار ہوچکا تھا،ہماری پولیس ٹیمیں ملزموں کے پیچھے ہیں، تمام وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں، ہمیں امید ہے ہم بہت جلد مجرموں تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

عوام سے اپیل ہے کہ جہاں سے بھی ان کے بارے میں اطلاع ملے15پر فوری خبر دیں،یہ حقیقت ہے کہ ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکے، ہم ملزموں کے پیچھے ہیں،ہم نے کوشش کی کہ کم سے کم شورشرابے کے ساتھ چھاپہ ماریں۔