Thursday, April 25, 2024

موٹاپے کا شکار نور حسن لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کر گیا

موٹاپے کا شکار نور حسن لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کر گیا
July 8, 2019
لاہور ( 92 نیوز) موٹاپے کا شکار صادق آباد کا رہائشی نورحسن لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کر گیا۔ 330 کلوگرام وزنی نور حسن کی کچھ دن پہلے سرجری کی گئی تھی، ڈاکٹر معاذ کے مطابق نورحسن کو آپریشن کے بعد سانس کا مسئلہ پیش آرہا تھا، نورحسن کو سانس کی تکلیف کے باعث آئی سی یو وارڈ میں ہی رکھا گیا تھا، ذرائع کے مطابق نجی اسپتال کے آئی سی یو میں مریِضہ کے انتقال پر توڑ پھوڑ ہوئی، اسپتال میں توڑ پھوڑ نورحسن کے انتقال کی وجہ بنی۔ موٹاپے کا شکار نورحسن لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، نورحسن  سرجری کے بعد سانس کی تکلیف کے باعث آئی سی یو میں زیر علاج تھے ۔ ذرائع کے مطابق نورحسن کی موت آئی سی یو میں ہنگامہ آرائی کے باعث ہوئی، نجی اسپتال میں  آج صبح خاتون ڈلیوری کے دوران انتقال کر گئی تھی جس پر ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی  جس سے ڈاکٹر اور عملہ بھاگ گیا۔ آئی سی یو دو گھنٹے تک بے یارومددگار رہا،احتجاج اور توڑ پھوڑ کے باعث نورحسن کے علاوہ اسپتال میں داخل ایک اور مریض بھی جان کی بازی ہارگیا۔ نور حسن کے لواحقین نے بھی  احتجاج اور توڑ پھوڑ کو موت کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹروں نے  مریض کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ڈاکٹر معاذ کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے  ایک ہفتہ قبل نورحسن کی نجی اسپتال میں سرجری کی تھی اور وہ تیزی سے روبصحت تھے،معالج کے مطابق جلد ہی ان کو ڈسچارج کردیا جانا تھا۔ صادق  آباد کے رہائشی 330 کلو وزنی نورحسن  چلنے پھرنے سے قاصر تھے انہیں  ایئرایمبولینس پر علاج کےلیے لاہور کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔