Thursday, May 2, 2024

مونگ پھلی ... غریبوں کا بادام

مونگ پھلی ... غریبوں کا بادام
December 23, 2015
لاہور (ویب ڈیسک) دسمبر کی سخت سردی میں جب خشک میوہ جات غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوں تو ایسے میں صرف ایک میوہ ایسا رہ جاتا ہے جو عوام کی ڈھارس بندھاتا ہے۔ جی ہاں مونگ پھلی ایک ایسا میوہ جسے غریبوں کا بادام بھی کہا جاتا ہے۔ اپنی کم قیمت کے باعث مونگ پھلی کم آمدنی پیشہ افراد کی قوت خرید میں ہوتی ہے۔ اگرچہ دیگر خشک میوہ جات کے فوائد اپنی جگہ مگر طبی ماہرین کہتے ہیں کہ بعض صورتوں میں مونگ پھلی میں بادام سے بھی زیادہ افادیت موجود ہے۔ مثال کے طور پر مونگ پھلی میں ایسے اینٹی آکسیڈنیٹ موجود ہوتے ہیں جو فوائد کے اعتبار سے سیب، گاجر اور چقندر سے بڑھ کر ہیں۔ اس میں موجود غذائی اجزاءکم وزن افراد سمیت باڈی بلڈنگ کرنے والوں کیلئے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اس میں پایا جانے والا وٹامن ای کینسر کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس میں موجود قدرتی آئرن خون میں نئے خلیات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مونگ پھلی چکنائی سے بھرپور ہوتی ہے اسی وجہ سے اس کا تیل بھی نکالا جاتا ہے۔ مونگ پھلی کو مختلف ڈبل روٹیوں‘ بن ‘ کیک ‘ میٹھوں اور سوپ سمیت کئی دیگر کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں 28 فیصد تک لحمیات پائے جاتے ہیں جبکہ اس میں فیٹ تھایامائن‘ نیاسن ‘فولاد ‘ وٹامن ای‘ ڈی‘ کے اور بی 6‘ فولیٹ‘ کیلشیم ‘جست اور مفید غیر تکسیدی اجزاءبھی پائے جاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں کے لئے مونگ پھلی کا استعمال نہایت مفید ہے۔