Friday, April 26, 2024

مون سون کا آغاز، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

مون سون کا آغاز، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
July 12, 2021

لاہور (92 نیوز) مون سون کا آغاز ہوگیا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، مریدکے میں چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے، سیالکوٹ، نارووال، پھول نگر اور دیگر علاقے بھی زیر آب آ گئے، بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا۔

لاہوریوں کا انتظار ختم، مون سون کا آغاز ہوگیا، شہر میں موسلادھار بارش ہوئی، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے چہرے کھل اٹھے۔

موسلادھاربارش کے پہلے سپیل کے شروع میں ہی لاہور کے نشیبی علاقے ڈبودیئے، سردہواؤں کے سحر میں گالی گھٹاؤں نے زلف گرہ گیر کو نچوڑا تو جل تھل ایک کردیا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مریدکے میں بارش سے کئی علاقوں میں کچے مکان اور چھتیں گر گئیں، جس سے ایک شخص جاں بحق اور چار بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔

سیالکوٹ میں بارش کے باعث متعدد علاقے میں سیلاب کا گمان ہونے لگا، نارووال میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

فیصل آباد، جہلم، منڈی بہاؤالدین، پھول نگر کی گلیوں بازاروں میں بھی بارش نے جھل تھل ایک کر دیا، حافظ آباد کے گنجان آباد علاقوں کے بازار بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

صفدرآباد میں اور مضافات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، شرقپور میں بھی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

ننکانہ صاحب میں کالے بادلوں کے ساتھ بادل برسے،سانگلہ ہل،ظفر وال،علی پور چٹھہ اور ملک وال میں بھی بارش ہوئی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے بجلی بند ہونے سے اندھیرے میں ڈوب گئے۔