Saturday, April 27, 2024

مون سون بارشیں !!! دریاﺅں میں نچلے درجے کا سیلاب، کئی دیہات زیرآب، لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

مون سون بارشیں !!! دریاﺅں میں نچلے درجے کا سیلاب، کئی دیہات زیرآب، لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
July 13, 2015
لاہور (92نیوز) اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالے بھر گئے ہیں جبکہ پانی کی زیادتی کی وجہ سے دریا بپھرنے لگے۔ دریائے سندھ اور کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب، مظفر گڑھ میں دریائے چناب کے پانی میں اضافہ ،لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں78 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بہاولنگر میں 63، بہاولپور میں 49، ساہیوال 37، مری 30، دیر19، اوکاڑہ 18 ہنزہ 15 اور اسکردو میں دس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح فیصل آباد ، لاہور ، ایبٹ آباد میں بعض مقامات پر چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں خانکی اور قدیرآباد کے مقام پر نچلے درجے جبکہ دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سوات میں بھی چارسدہ روڈ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں چشمہ اور جناح بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلہ اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1511 اور 1230 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ تربیلہ کی زیادہ سے زیادہ پانی محفوظ کرنے کی گنجائش 1550 فٹ اور منگلا میں 1242 فٹ ہے۔ نالہ ڈیک میں سیلاب کے باعث پسرور کے 15 جبکہ ظفر وال کے 17 دیہات زیرآب آگئے ہیں۔