Friday, May 10, 2024

مون سون بارشوں کے دوران کراچی لاوارث نظر آنے لگا

مون سون بارشوں کے دوران کراچی لاوارث نظر آنے لگا
September 3, 2019
کراچی ( 92نیوز) پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب کراچی مون سون بارشوں کے دوران لاوارث شہر نظر آیا ، بلدیاتی ادارے ناکام ہوگئے، سیاسی جماعتیں کراچی کے دعویدار تو بنتی ہیں، لیکن شہر کو اپنانے کیلئے تیار دکھائی نہیں دے رہیں ۔ مون سون  کی  گزشتہ روز کی بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کردیا  ، جگہ جگہ پانی جمع ہوجانے سے شہریوں کو رات گئے تک اذیت برداشت کرنی پڑی ، سڑکیں ندی، نالوں میں تبدیل، کہیں گٹر ابل پڑے ہیں تو کہیں نالے، کچھ نظر نہ آیا تو وہ شہر کی انتظامیہ تھی ۔ کراچی میں بلدیاتی اداروں کی سنگین نااہلی  سے رحمت ایک مرتبہ پھر زحمت کا منظر پیش کرتی رہی ، گزشتہ روز تیز بارش نے ایک مرتبہ پھر حکومتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ۔ نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں  ،  رات گئے تک کورنگی انڈسٹریل ایریا پر بدترین ٹریفک جام رہا  جس میں  ہزاروں گاڑیاں پھنسنے سےشہری رُل گئے  اور منٹوں کا سفر کئی گھنٹوں میں  تبدیل ہو گیا۔ بارش کے بعد سے  تاحال شہر کے درجنوں علاقوں اور سڑکوں پر برساتی پانی موجود  ہے جن کی نکاس کا کوئی نظام موجود نہیں ۔ ڈیفنس، کورنگی،قیوم آباد، انڈسٹریل ایریا، لانڈھی، ایم اے جناح روڈ،لائٹ ہاؤس سمیت کئی علاقوں سے پانی کی نکاسی نہیں کی جاسکی  اور گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا ، شہریوں نے حکومت کو سنگین صورتحال کا ذمہ دار قرار دے دیا ۔ کورنگی کازوے گزشتہ روز زیرآب آنے سے بند کردی گئی تھی، آج بھی صورتحال میں تبدیلی نہیں آئی ، کورنگی ندی روڈ زیرآب آنے سے متعدد  گاڑیاں بند ہوگئیں ، خواتین بھی رکشہ کو دھکالگانے پر مجبور ہوگئیں ۔ کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے وفاقی، سندھ اور شہری حکومتیں ایک دوسرے سے لڑنے کی بجائے لاوارث شہر کو اپنائیں اور عوام کو اذیت سے بچانے کیلئے کام کریں ۔