Friday, April 19, 2024

مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچادی

مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچادی
August 11, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچادی، خیبرپختونخوا میں 2 روز کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی، کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر تیز بارشوں کے باعث سیلابی ریلے میں اسکول اور پولیس چوکی سمیت متعدد دیہات زیر آب آگئے ۔ لسبیلہ کے پہاڑوں پر موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ پنجاب ،سندھ اور خیبرپختونخوا کے بیشتر شہروں میں  بادل کھل کر برسے، موسلادھار بارشوں کے باعث برساتی پانی سیلابی ریلے میں بدل گیا، مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ تونسہ شریف میں رودکوہی کے سیلابی ریلے کا آبادی کی طرف کٹاؤ تاحال جاری ہے،بستی کوٹ مہوئی میں داخل ہونے والے پانی نے کئی مکانات کو ملیا میٹ کردیا،  سیلابی ریلے کے پانی سے سرکاری اسکول اور ڈسپنسری سمیت بستی کے کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔ ادھر راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑوں آنے والے سیلابی ریلے نے متعدد دیہاتوں کو ڈبو دیا،خوفناک سیلابی ریلے کی زد میں جو بھی دیوار اور مکان آیا اسے بہا لے گیا۔ بدین شہر اور ساحلی علاقوں میں بارشوں کے باعث شاہراہیں، سڑکیں، تجارتی مراکز اور سرکاری دفاتر ڈوب گئے ،مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ دادو میں  بارشوں کے باعث کرنٹ لگنے سے اب تک تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں  ۔ حب ،ساکران، گڈانی و گردنواح میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ جامشورو میں شدید بارشوں کے باعث سندھ یونیورسٹی، ریلوے اسٹیشن، جامشورو پھاٹک، آر بی بی کالونی، واپڈا کالونی، غریب آباد کے کئی گھر زیر آب آگئے۔ کشمور میں بھی صورتحال مختلف نہیں ، ڈپٹی کمشنر کشمور نے بارشوں کے پیش نظر ضلع بھر میں ایمرجنسی نافد کر کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ ادھر اوچ شریف  میں بارشوں نے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا ۔ ٹنڈو محمد خان کے کئی شہری اور دیہی علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہو گیا۔ بجلی و مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے  کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔ٹھٹھہ میں طوفانی برسات نے گرڈ اسٹیشن مکلی کو بھی متاثر کیا۔