Friday, March 29, 2024

مون سون بارشوں نے اپنارنگ دکھا دیا، پنجاب کا بیشتر حصہ زیر آب آگیا

مون سون بارشوں نے اپنارنگ دکھا دیا، پنجاب کا بیشتر حصہ زیر آب آگیا
July 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز) مون سونبارشوں نے اپنا رنگ دکھادیا ، پنجاب کا بیشتر حصہ زیرآب آیا ۔ لاہور، گوجرانوالہ سمیت کئی علاقے بادلوں اور کالی گھٹاؤں کے زیراثر ہے ،  کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش  سے  نشیبی مقامات پانی سے بھر گئے ، محکمہ موسمیات نے پنجاب اور بالائی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔ ادھر ہزارہ، راولپنڈی اور ڈی جی خان کے ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔ پنجاب کے کئی علاقے بارش سے بھیگ گئے،لاہور میں بارش کے بعد کالی گھٹاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سہانا کردیا تاہم کئی نشیبی علاقے زیرآب بھی آگئے۔ ملک کے بالائی علاقوں اورپنجاب میں مزید بادل برسنے کا بھی امکان ہے ۔ لاہور میں بادل جم کر برسے،موسلادھار بارش نے شہر کے کئی علاقوں میں جل تھل ایک کردیا۔ لاہور ایئرپورٹ،مال روڈ، قرطبہ چوک، اچھرہ، گڑھی شاہو،ٹاؤن شپ، کاہنہ، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اورجیل روڈ پر سڑکیں پانی پانی ہوگئیں۔ سرگودھا شہر اور نواحی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی، قصور اور پنجاب کے دیگر علاقے بھی بھیگ گئے،قصور شہر کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں بھی گرج چمک اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، ملک میں بارشوں کی وجہ سے ہزارہ، راولپنڈی، ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ ادھر کراچی میں بھی ہلکے بادلوں کا ڈیرہ ہے،سمندری ہواؤں نے موسم خوشگوار کردیا، کئی علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی،سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ، مردان، بنوں ڈویژن میں بارش کا امکان ہے،ژوب، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژن میں بھی بادل برسیں گے۔